November 21, 2024
# Tags

وزیراعظم نے محدود وسائل کے باوجود ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا۔ | New News


وزیراعظم نے محدود وسائل کے باوجود ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا۔

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراء کے ہمراہ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔

وزیراعظم کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کیا اور انہیں پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور بعد ازاں نیول ہیڈ کوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ ملاقات کے دوران ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق امور اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیول چیف نے وزیراعظم کو پاک بحریہ کے کردار، صلاحیتوں اور مستقبل کی جدید کاری کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) کی جانب سے موجودہ میری ٹائم ماحولیات، پاکستان نیوی کو درپیش چیلنجز اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کے ردعمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو خاص طور پر میری ٹائم ڈومین میں ملک کو درپیش موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیت کی ضروریات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ معززین کو میری ٹائم سیکٹر کے معاشی امکانات سے فائدہ اٹھانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے محدود وسائل کے باوجود ملک کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے نیول ایئربیس تربت پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے کے لیے پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ ردعمل کو خاص طور پر سراہا۔

وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ مضبوط معیشت ملک کو درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کی کلید رکھتی ہے۔ آخر میں وزیراعظم نے پاک بحریہ کے کمانڈ آپریشن سینٹر کا دورہ بھی کیا۔

نیول چیف نے وزیراعظم کے دورے اور پاک بحریہ پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ پاک بحریہ اللہ تعالی کی مدد سے ملک کی سمندری سرحدوں اور بحری مفادات کا دفاع جاری رکھے گی اور امن اور جنگ دونوں میں اپنی ذمہ داریوں کو عزت کے ساتھ نبھائے گی۔



Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *