شمالی وزیرستان حملے میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ، صدر، آرمی چیف کی شرکت | New News
”
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں گزشتہ روز شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، صدر آصف زرداری اور آرمی چیف نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی۔ صدر آصف علی زرداری سمیت وفاقی وزراء نے شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بھی شرکت کی۔ وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول افسران نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
اس موقع پر صدر زرداری نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو برقرار رکھا ہے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 6 دہشت گرد ہلاک، 5 جوان اور 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ وطن عزیز کی نسلوں نے دفاع وطن کے لیے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کا رہائشی تھا جب کہ 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کا رہائشی تھا۔ شہداء کی میتوں کو آبائی علاقوں میں پہنچا دیا گیا ہے جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 5 سیکیورٹی اہلکار اور 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
“